گاردا شیاکانا میں بھرتی کا سنہری موقع، آئرلینڈ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی سے درخواست جمع کروانے کی اپیل۔

ڈبلن (آر24 نیوز) آئرلینڈ کی قومی پولیس سروس گاردا شیاکانا میں بھرتی کا عمل جاری ہے اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ اس فورس کا حصہ بنیں۔ گاردا میں ٹرینی بھرتی کی درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 فروری 2025 ہے، اور تمام دلچسپی رکھنے والے افراد کو جلد از جلد اپنی درخواستیں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گاردا ٹرینی پروگرام میں شامل ہونے والوں کو نہ صرف پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی بلکہ لیول 7 بیچلر آف آرٹس ڈگری اِن اپلائیڈ پولیسنگ بھی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ یہ ڈگری یونیورسٹی آف لمرک سے منظور شدہ ہے، جو مستقبل میں مزید مواقع کے دروازے کھول سکتی ہے۔
گاردا میں شامل ہونے والے ٹرینیز کو پہلے 36 ہفتوں کے دوران ہفتہ وار €354 الاؤنس دیا جائے گا، جبکہ رہائش اور کھانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ حلف برداری کے بعد ابتدائی تنخواہ €37,311 سالانہ ہوگی، جو آٹھ سال کے اندر €57,985 تک پہنچ سکتی ہے۔ مزید برآں، شفٹ الاؤنس اور اوور ٹائم کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
گاردا شیاکانا نے تمام کمیونٹیز کے افراد، بالخصوص اقلیتی برادریوں، کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ اس حوالے سے معلوماتی مواد مختلف زبانوں میں فراہم کیا گیا ہے، جن میں اردو بھی شامل ہے۔
گاردا فورس میں شامل ہونے کے خواہشمند افراد www.publicjobs.ie/en/garda-trainee پر جا کر تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں اور اپنی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ یہ بھرتی کا عمل کل بروز منگل 27 فروری کو بند ہو جائے گا، لہٰذا فوری اقدام کریں!