آئرلینڈ میں پاکستانی کاروباری برادری کے لیے ایک شاندار موقع – پاکستان آئرلینڈ بزنس کونسل نیٹ ورک میٹنگ

ڈبلن (خصوصی رپورٹ) – پاکستان آئرلینڈ بزنس کونسل (PIBC) کی نیٹ ورک میٹنگ 27 فروری 2025 کو ڈبلن کے آر ڈی ایس ممبرز کلب میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی اور آئرش کاروباری برادری کے نمایاں افراد نے شرکت کی۔
میٹنگ کی صدارت معروف بزنس کنسلٹنٹ رونن ٹوہگ نے کی، جبکہ پی آئی بی سی کے صدر عرفان حمید کی قیادت میں یہ اجلاس کامیابی سے منعقد ہوا۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور کاروباری مواقع تلاش کرنا تھا۔
اجلاس میں جرنلسٹ اور مارکیٹنگ کنسلٹنٹ فیصل مرزا نے خصوصی پریزنٹیشن دی، جس میں انہوں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور کاروباری اشتراک کے جدید رجحانات پر روشنی ڈالی۔ ان کی گفتگو کا محور یہ تھا کہ موجودہ کاروباری ماحول میں کیسے پاکستانی کاروباری حضرات اور اسٹارٹ اپس ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے اپنی تجارت کو وسعت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی تاجروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ آپس میں نیٹ ورک بنائیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھیں۔
یہ تقریب اس لحاظ سے بھی اہم رہی کہ اس میں پاکستان اور آئرلینڈ کے بزنس سیکٹر سے تعلق رکھنے والے کئی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں، جنہوں نے باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی کمیونٹی کے لیے سنہری موقع!
آئرلینڈ میں بسنے والے پاکستانی تاجروں اور پیشہ ور افراد کے لیے ایسے نیٹ ورکنگ ایونٹس میں شرکت ایک زبردست موقع ہے، جہاں وہ نہ صرف ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں بلکہ اپنے کاروبار کو بھی فروغ دے سکتے ہیں۔ اس لیے ہر پاکستانی بزنس مین اور پروفیشنل کو چاہیے کہ وہ ایسے پلیٹ فارمز کا حصہ بنیں اور اپنی کمیونٹی کو مزید مستحکم کریں۔
پاکستان آئرلینڈ بزنس کونسل کی آئندہ تقریبات میں مزید جوش و خروش متوقع ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ نیٹ ورک مزید مضبوط ہوگا۔