آئرلینڈ میں نورووائرس تیزی سے پھیلنے لگا، رمضان میں افطاری اور تراویح کے اجتماعات میں شرکت سے قبل احتیاط برتیں، ماہرین صحت کی وارننگ

ڈبلن (آر24 نیوز) آئرلینڈ میں نورووائرس تیزی سے پھیلنے لگا، ماہرین صحت نے سخت وارننگ جاری کر دی۔ ایچ ایس ای کے مطابق، یہ خطرناک وائرس قے اور دست کی بیماری کا باعث بنتا ہے اور انتہائی تیزی سے پھیلتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کو نورووائرس کی علامات محسوس ہوں، تو وہ کم از کم 48 گھنٹے تک گھر پر رہیں تاکہ بیماری مزید نہ پھیلے۔ وائرس قریبی میل جول، آلودہ سطحوں اور کھانے کے ذریعے منتقل ہوتا ہے، اور اس وقت آئرلینڈ میں پہلے ہی فلو، آر ایس وی اور کووڈ-19 کے کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دوسری جانب، رمضان المبارک میں افطاری اور تراویح کے دوران مسلمانوں کے بڑے اجتماعات ہو رہے ہیں، جن میں نارووائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔ علمائے کرام اور سماجی رہنماؤں نے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو بیماری کی علامات محسوس ہوں تو وہ افطار، تراویح اور دیگر اجتماعی عبادات میں شرکت سے گریز کریں تاکہ دوسرے افراد متاثر نہ ہوں اور کسی روزے دار کا روزہ ضائع نہ ہو۔
ایک مقامی مذہبی اسکالر نے کہا: “نورووائرس ایک متعدی بیماری ہے جو روزے داروں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ اگر کسی کو بیماری کے آثار ہوں تو بہتر یہی ہے کہ وہ اجتماعات میں شرکت سے اجتناب کرے تاکہ دوسرے لوگ محفوظ رہیں۔”
ماہرین صحت نے شہریوں کو بار بار ہاتھ دھونے، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے اور کسی بھی قسم کی بیماری کی صورت میں فوری طور پر طبی ماہرین سے مشورہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔