آئرلینڈ میں دو عیدیں، دعوتِ اسلامی نے فطرانے پر بھی “ڈسکاؤنٹ” دے دیا!

ڈبلن (آر24 نیوز) – آئرلینڈ میں ایک بار پھر دو عیدوں کا منظر دیکھنے کو ملا، جب اسلامی کلچرل سینٹر آئرلینڈ (ICCI) نے 30 مارچ بروز اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا، جبکہ دعوتِ اسلامی نے 31 مارچ بروز پیر کو عید الفطر منانے کی تصدیق کی۔ مسلمانوں کو آئرلینڈ میں دو عیدوں کا تحفہ پیش کرنے کے بعد دعوتِ اسلامی نے ایک اور منفرد “پیشکش” کی – فطرانے کی قیمت میں خصوصی رعایت!
آئرلینڈ میں بیشتر اسلامی اداروں نے 9 یورو بطور فطرانہ مقرر کیا تھا، مگر دعوتِ اسلامی نے اپنے پیغام میں اعلان کیا کہ ان کے ہاں فطرانہ “صرف” 7 یورو میں دستیاب ہے۔ کیا فطرانہ بھی اب “ڈسکاؤنٹ آفر” کا حصہ بن چکا ہے؟ اس انوکھے اعلان پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے دیکھنے کو ملے، جہاں صارفین نے کہا کہ “شاید اگلے سال بائی ون گیٹ ون فری بھی مل جائے!”
مسلمانوں کی بڑی تعداد نے ICCI کے اعلان پر 30 مارچ کو عید منائی، جہاں شاندار نمازِ عید اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ دوسری جانب، دعوتِ اسلامی کے پیروکاروں نے 31 مارچ کو عید منانے کا فیصلہ کیا۔
کمیونٹی رہنماؤں نے مسلمانوں سے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایسے اختلافات کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ آئرلینڈ میں بسنے والے تمام مسلمان ایک ساتھ عید منا سکیں۔