صدر پی او سی آئرلینڈ رانا عثمان کی وزیرِ انصاف جم او’کیلاہن سے اہم ملاقات – شہریت میں تاخیر، فیملی ویزا اور دیگر مسائل پر بات چیت

ڈبلن (آر24 نیوز) پاکستان اوریجن کمیونٹی (POC) آئرلینڈ کے صدر رانا عثمان نے حال ہی میں آئرلینڈ کے وزیرِ انصاف جناب جم او’کیلاہن سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش سنگین مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ ملاقات اُن خدشات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی جو کمیونٹی نے ای میل، سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپوں کے ذریعے شیئر کیے۔ ان میں سب سے اہم مسئلہ آئرش نیچرلائزیشن (شہریت) کے پراسیس میں غیر معمولی تاخیر ہے، جو کئی پاکستانی افراد اور خاندانوں کے لیے شدید ذہنی دباؤ کا باعث بن رہی ہے۔
مزید برآں، فیملی ری یونین ویزا میں بھی کئی مشکلات درپیش ہیں۔ ایسے بہت سے پاکستانی ہیں جو گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے اپنے شریکِ حیات کا انتظار کر رہے ہیں کہ وہ آئرلینڈ آ سکیں۔ اسی طرح، بعض افراد اپنے والدین کے ویزے کے لیے بھی مسلسل درخواست دے رہے ہیں، مگر انہیں واضح جواب یا ٹائم فریم نہیں مل پا رہا۔
رانا عثمان نے بتایا کہ ملاقات سے قبل ایک عوامی نشست منعقد کی گئی تھی جس میں کمیونٹی اراکین نے براہ راست اپنی شکایات اور مسائل کا اظہار کیا، تاکہ ان کی آواز حکومت تک مؤثر انداز میں پہنچائی جا سکے۔
انہوں نے وزیرِ انصاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: “ہم ان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے خدشات کو سنجیدگی سے سنا اور بہت سے معاملات پر فوری غور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔”
وزیرِ انصاف نے واضح کیا کہ وہ شہریت کے عمل میں تاخیر اور فیملی ویزا جیسے اہم مسائل پر محکمانہ سطح پر تحقیق اور کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔
رانا عثمان نے کہا کہ ان کی بطور کمیونٹی رہنما یہ کوشش ہے کہ وہ عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں، ان کے مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچائیں اور ایک مؤثر مکالمے کے ذریعے دیرینہ مسائل کا حل نکالیں۔
آخر میں انہوں نے کونسلر عمار علی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کوششوں میں عملی کردار ادا کرتے ہوئے مکمل ٹیم ورک کے ساتھ ساتھ دیانت داری کا مظاہرہ کیا۔
(رپورٹ: آر24 نیوز ڈیسک، ڈبلن)