آئرلینڈ میں نیا ورک پرمٹ سسٹم 28 اپریل سے فعال ہوگا، پرانا نظام بند: درخواست دہندگان ہوشیار رہیں

ڈبلن (آر 24 نیوز، آئرلینڈ ) آئرلینڈ کے محکمہ انٹرپرائز، ٹریڈ اینڈ ایمپلائمنٹ (DETE) نے ورک پرمٹس کے نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ پرانا سسٹم EPOS باضابطہ طور پر جمعرات، 17 اپریل 2025 شام 6 بجے بند کر دیا گیا ہے، اور اب تمام درخواستیں نئے Employment Permits Online سسٹم کے ذریعے وصول کی جائیں گی، جس کا آغاز پیر، 28 اپریل 2025 کو ہو رہا ہے۔
محکمہ کی ویب سائٹ پر جاری اعلامیے کے مطابق، وہ تمام ڈرافٹ درخواستیں جو 17 اپریل سے قبل مکمل ہو کر جمع نہ ہو سکیں، انہیں نئے سسٹم میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔
نئے Employment Permits Online سسٹم کی خصوصیات
نیا سسٹم مکمل طور پر جدید کلاؤڈ بیسڈ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جو سسٹم کی کارکردگی، رفتار، شفافیت اور سیکیورٹی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا۔
• علیحدہ صارف اکاؤنٹس: آجر (Employers)، ایجنٹس (Agents)، اور ملازمین (Employees) کے لیے مخصوص پورٹل متعارف کیے گئے ہیں تاکہ ہر طبقہ اپنے رول کے مطابق سسٹم استعمال کرے۔
• بہتر تحفظ (Security): نئے نظام میں ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن شامل کی گئی ہے، جس سے ہر لاگ ان کے وقت موبائل کوڈ کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔
• درستگی اور رفتار: نئے ڈیزائن کے ذریعے غلطیوں میں کمی، ڈاکیومنٹ کی مکمل سبمیشن اور پراسیسنگ میں تیزی متوقع ہے۔
• آن لائن ریجسٹریشن: تمام آجرین کو اپنے ریونیو نمبر اور CRO ڈیٹیلز فراہم کرنا ہوں گی، اور اُن کا ای میل ایڈریس بطور ایڈمنسٹریٹر رجسٹر ہوگا۔
⸻
ابتدائی تاخیر کا امکان
محکمہ نے اپنے اعلان میں واضح کیا ہے کہ سسٹم کی نئی ترتیب، یوزرز کے لیے نیا تجربہ، اور عملے کی تربیت جیسے عناصر کی وجہ سے ابتدائی ہفتوں میں درخواستوں کی پراسیسنگ میں معمولی تاخیر ممکن ہے۔ صارفین کو صبر اور تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مختلف پاکستانی اور دیگر کمیونٹیز کی جانب سے شکایات آ رہی تھیں کہ “سسٹم کام نہیں کر رہا”، “درخواست جمع نہیں ہو رہی” یا “ایرر آ رہا ہے”۔
معلومات حاصل کرنے پر تفصیلات سامنے آئی ہیں کہ یہ سسٹم بند نہیں بلکہ اپڈیٹ ہو رہا ہے، اور 28 اپریل سے ایک نیا سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔ پرانا سسٹم اب فعال نہیں، اور تمام درخواست دہندگان کو نئے پورٹل کے تحت ریجسٹریشن اور سبمیشن کرنا ہوگی۔
درخواست دہندگان کے لیے اہم ہدایات
• جو افراد پرانی درخواست مکمل نہ کر سکے، انہیں اب نئے سسٹم میں دوبارہ مکمل درخواست دینی ہوگی۔
• 28 اپریل 2025 کے بعد ہی نئی درخواست جمع ہو سکے گی۔
• کسی بھی غیر مصدقہ لنک یا جعلی پورٹل سے درخواست دینے سے گریز کریں۔
• مکمل دستاویزات، ملازمت کی تفصیلات، اور ضروری فیس کا انتظام پہلے سے کریں تاکہ تاخیر نہ ہو۔
مزید معلومات کے لیے:
• آفیشل پورٹل: https://epos.enterprise.gov.ie
• اپڈیٹس صفحہ: enterprise.gov.ie/new-eps