آئرلینڈ میں سیکنڈ ہینڈ گاڑی خریدنا اب ہوگا آسان — جعلساز مایوس!

ڈبلن (آر24 نیوز) — آئرلینڈ میں اب سیکنڈ ہینڈ گاڑی خریدنا پہلے جیسا رسک نہیں رہے گا، کیونکہ حکومت نے عوام کو دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔
بہت سے پاکستانیوں نے آر24 نیوز کو بتایا کہ انہوں نے آئرلینڈ میں گاڑی خریدی، مگر بعد میں معلوم ہوا کہ گاڑی یا تو “کلاکڈ” تھی — یعنی اس کی مائلیج (Mileage) کو کم دکھایا گیا تھا — یا پھر وہ کسی حادثے میں تباہ ہو چکی تھی، مگر بیچنے والے نے اس حقیقت کو چھپایا۔
“گاڑی نئی جیسی لگ رہی تھی، مگر بعد میں پتہ چلا کہ یہ پہلے ایک بڑے حادثے کا شکار ہو چکی ہے اور مجھے اس کی مرمت پر ہزاروں یورو خرچ کرنے پڑے،” — راولپنڈی سے آئے ہوئے عبدالمجید نے آر24 نیوز کو بتایا۔
اسی طرح، لاہور سے تعلق رکھنے والے زاہد حسین نے شکایت کرتے ہوئے کہا:
میں نے ایک پاکستانی فراڈیے کار ڈیلر سے گاڑی لی تھی، جس کی مائلیج 80,000 کلومیٹر دکھائی گئی تھی، مگر جب میں نے پرائیویٹ کمپنی سے رپورٹ نکلوا کر دیکھی تو پتہ چلا کہ اس کی اصل مائلیج 200,000 کلومیٹر سے زیادہ ہے۔ مجھے بہت دھچکا لگا، مگر کوئی قانونی کارروائی نہیں ہو سکی، کیونکہ میرے پاس ثبوت کم تھے۔
حکومت کا نیا قدم — جعلسازوں کے خلاف کریک ڈاؤن
آئرلینڈ کے Competition and Consumer Protection Commission (CCPC) نے اعلان کیا ہے کہ اب ایک آن لائن پورٹل بنانے کی سفارش کی جا رہی ہے، جہاں کار کی مکمل ہسٹری کو مفت میں دیکھا جا سکے گا۔
یہ پورٹل خریداروں کو گاڑی کی مائلیج ریڈنگ، حادثے کا ریکارڈ، اور کیا گاڑی کبھی (Write-off) ہوئی تھی — ان تمام معلومات تک براہ راست رسائی دے گا۔ اس سے خریدار فیصلہ کرنے سے پہلے گاڑی کی اصلیت جانچ سکیں گے اور کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے بچ سکیں گے۔
فی الحال یہ معلومات یا تو ریاست کے پاس موجود ہیں مگر عام عوام کے لیے دستیاب نہیں ہیں، یا پھر کچھ کمرشل کمپنیاں یہ ڈیٹا مہنگے داموں فراہم کرتی ہیں۔ لیکن اب CCPC کا مطالبہ ہے کہ تمام ڈیٹا ایک ہی پلیٹ فارم پر، مفت دستیاب کیا جائے تاکہ عوام کو کوئی دھوکہ نہ دے سکے۔
یورپ میں پہلے ہی یہ سہولت موجود ہے
یورپ کے 20 ممبر ممالک اور برطانیہ میں پہلے سے ہی ایسا نظام موجود ہے، جہاں صارفین کو گاڑی کی مکمل معلومات دی جاتی ہیں۔ آئرلینڈ میں بھی جزوی طور پر Department of Transport کے ذریعے کچھ معلومات دستیاب ہیں، جیسے کہ NCT کی رپورٹ اگر گاڑی خطرناک قرار دی گئی ہو۔ مگر مکمل معلومات اب تک ایک جگہ موجود نہیں تھیں۔
سرکاری ادارے کا کہنا ہے کہ اگر یہ نیا نظام نافذ ہو گیا تو آئرلینڈ میں سیکنڈ ہینڈ گاڑی خریدنے کا عمل نہ صرف آسان ہو جائے گا بلکہ خریداروں کو دھوکہ دینا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔
آئرلینڈ میں مقیم پاکستانیوں اور یہاں آنے والوں کے لیے یہ خبر ایک بڑی سہولت ہے۔ اگر آپ گاڑی خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اس نئے آن لائن پورٹل کے آنے تک چند باتیں ضرور ذہن نشین رکھیں۔
• ہمیشہ گاڑی خریدنے سے پہلے اس کی ہسٹری چیک کریں۔
• نجی کمپنیوں سے رپورٹ لینے میں پیسے لگ سکتے ہیں، مگر یہ دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے بہتر ہے۔
• نامعلوم یا سستے ڈیلرز سے گاڑی نہ لیں، قابل اعتماد ڈیلرز خریداری کریں۔
آئرلینڈ میں ایک کار آپ کی روزمرہ زندگی میں ضروری ہے، مگر دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے ہوشیار رہنا بھی ضروری ہے۔ حکومت کا یہ نیا اقدام یقینی طور پر پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا — اور جعلسازوں کی دکانیں بند کروانے میں مددگار ثابت ہو گا!