یورپ میں مقیم پاکستانی پروفیشنلز کی تنظیم iPIP کا آئی بی اے کراچی کے وفد کے اعزاز میں شاندار نیٹ ورکنگ ڈنر

ڈبلن (رپورٹ: آر 24 نیوز) – آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی آئی سی ٹی پروفیشنلز کی نمائندہ تنظیم iPIP (Irish Pakistani ICT Professionals) نے جمعہ، 11 اپریل کو ایک شاندار نیٹ ورکنگ اور پروفیشنل انگیجمنٹ ڈنر کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب آئی بی اے کراچی سے آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد کے اعزاز میں منعقد کی گئی، جو ان دنوں آئرلینڈ میں موجود ہے تاکہ آئی بی اے گریجویٹس کے لیے رہنمائی اور پیشہ ورانہ معاونت کے مواقع تلاش کیے جا سکیں، اور آئرش تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک کے امکانات پر بات چیت کی جا سکے۔
تقریب کا مقصد نہ صرف وفد کے اہداف کو فروغ دینا تھا بلکہ آئرلینڈ میں موجود اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار پاکستانی پروفیشنلز کو ایک جگہ جمع کر کے تعمیری گفتگو، آئیڈیاز کے تبادلے اور ممکنہ اشتراک کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا بھی تھا۔
تقریب میں آئی بی اے کراچی کے وائس چانسلر اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمانان گرامی نے شرکت کی، جبکہ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی، تعلیمی اور انڈسٹری سے وابستہ ممتاز پاکستانی پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے بھی بھرپور شرکت کی۔ iPIP نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ایک ایسا ماحول فراہم کیا جہاں اوپن ڈسکشن، باہمی تعاون اور مستقبل کے لیے مضبوط روابط کی بنیاد رکھی جا سکے۔
آئی پپ ایک اوپن ایکسیس پلیٹ فارم ہے جو آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور با مقصد پروفیشنل تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ اس تنظیم کا بنیادی مقصد آئرش پاکستانی آئی سی ٹی پروفیشنلز کی ایک مضبوط اور باہم جڑی ہوئی کمیونٹی قائم کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان علم و تجربے کا تبادلہ یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر iPIP کی ٹیم نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ملاقاتیں نہ صرف موجودہ پروفیشنلز کے لیے مفید ثابت ہوں گی بلکہ نئی نسل کے لیے بھی رہنمائی اور ترقی کے مواقع پیدا کریں گی۔