آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی خواتین – قربانی، جدوجہد اور پوشیدہ دکھوں کی کہانی

ڈبلن (آر24 نیوز) – آج عالمی یوم خواتین کے موقع پر، ہم ان تمام پاکستانی خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جو آئرلینڈ میں اپنی زندگی کے خواب لے کر آئیں، لیکن ان خوابوں کے ساتھ ساتھ کئی جذباتی اور ذہنی دباؤ بھی اپنے ساتھ لے کر چل رہی ہیں۔
یہاں موجود پاکستانی خواتین میں سے کچھ ڈاکٹرز ہیں، جو دن رات اپنی محنت سے کیرئیر میں آگے بڑھنے اور اپنے خاندانوں کی مدد کرنے میں مصروف ہیں۔ دوسری طرف، کچھ وہ ہیں جو اسپاؤس ویزا پر آئیں اور اپنی شناخت اور جذباتی سکون کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔
“ہمیں معلوم ہے کہ ایک دن مرنا ہے، لیکن یہ سوچ کر خوف آتا ہے کہ اگر ہم یہاں مر گئے تو ہمارے آگے کیا ہوگا؟”
یہ وہ الفاظ ہیں جو کچھ پاکستانی خواتین نے آر24 نیوز سے بات چیت کے دوران کہے۔ ایسی کئی باتیں ہیں جو کوئی کھل کر نہیں کہی جا سکتیں، لیکن ان کے دلوں میں ایک انجانا خوف اور بے چینی موجود ہے۔ وہ اپنے وطن سے دور ہیں، اپنے گھر والوں سے دور ہیں، اور اس معاشرے میں اپنی جگہ بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔
اگرچہ زیادہ تر پاکستانی مرد اپنی بیویوں کا خیال رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کو سمجھتے ہیں، لیکن کچھ خواتین ایسی بھی ہیں جن کی زندگی ایک انجانی تنہائی میں گزر رہی ہے۔ آر24 نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک پاکستانی خاتون نے بتایا کہ ان کا شوہر ٹیکسی ڈرائیور ہے، جو دن رات محنت کرتا ہے، نائٹ شفٹ میں کام کرتا ہے، اور زندگی کے اخراجات پورے کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اپنے والدین کی مالی مدد بھی کرتا ہے۔ وہ اپنی ذمہ داریوں میں اتنا مصروف ہے کہ بیوی کی جذباتی ضروریات پس پشت چلی گئی ہیں۔ نتیجتاً، وہ عورت دن رات اکیلے پن، ذہنی دباؤ اور بے بسی کے احساس میں زندگی گزار رہی ہے۔
آج کے دن، ہم آپ سب سے اپنے گھروں میں موجود خواتین کا خیال رکھنے کی اپیل کرتے ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ آپ ان کے لیے کچھ قیمتی تحفے خریدیں، بعض اوقات صرف ایک مسکراہٹ، ایک اچھی بات، یا چند لمحے ان کے ساتھ گزارنا بھی ان کے لیے بہت اہم ہو سکتا ہے۔
آئرلینڈ میں بسنے والی تمام پاکستانی خواتین کو یوم خواتین مبارک ہو!